پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے دسمبر تک تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کا دعویٰ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے اسد قیصر نےکہا کہ دسمبر تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے، ہمیں اکثریت مل جائےگی اور تحریک انصاف حکومت میں ہوگی۔
اسد قیصرکا کہنا تھا کہ ملک میں حالات انارکی کی طرف جارہے ہیں، جو باتیں خواجہ آصف نے کی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھوک ہڑتال علامتی ہے، اصل بھوک ہڑتال تب کریں گے جب عمران خان ہڑتال کریں گے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور شہبازشریف کے درمیان جب کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان بھی اختلافات ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصرکا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری آزادیوں تک جدوجہد جاری رہےگی، پی ٹی آئی آئین کی سربلندی کے لیے کوشش کر رہی ہے۔