حکومت آزادکشمیر نے پرُتشدد مظاہروں کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات منظور کر لیے۔
ذرائع کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی وفد اور چیف سیکریٹری آزادکشمیر کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں حکومت آزادکشمیر نے کمیٹی کےتمام مطالبات منظور کر لیے۔
حکومت نے آٹے پر سبسڈی بحالی اور بجلی بلوں میں اضافہ واپس لینے کامطالبہ مان لیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے وزرا کو حاصل مراعات بھی واپس لینےکا مطالبہ کیا تھا۔
عوامی ایکشن کمیٹی وفد سے مذاکرات کمشنر راولاکوٹ کی رہائش گاہ پر ہوئے جس میں کمیٹی کی طرف سے شوکت نواز میر، عمر نذیر کشمیری اور دیگر شریک ہوئے۔
عوامی ایکشن کمیٹی رہنما مطالبات منظوری کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ایکشن کمیٹی سے فوری رابطے کی ہدایت کر دی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات اور پُرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے۔
شہباز شریف نے خبردار کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسے حالات میں کچھ عناصر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرتے ہیں۔