سان فرانسسکو (پاکستان ایکسپریس ورلڈ نیوز):سوشل میڈیا سروس فیس بک کی پیرئنٹ کمپنی ’’میٹا ‘‘نے کہا کہ رواں سال پہلی سہ ماہی( جنوری تا مارچ) کے دوران اس کی آمدنی 36.5 ارب ڈالر رہی جو 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے، خالص منافع12.4 ارب ڈالر رہا۔
اے ایف پی نے کمپنی کے حوالے سے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق اس کے یومیہ صارفین( جو کم از کم اس کی ایک ایپ استعمال کرتے ہیں) کی تعداد3.2 ارب ہے جس کی وجہ سے ادارے کی آمدنی میں اضافہ ہورہا ہے ،بالخصوص اشتہارات کی مد میں ہونے والی آمدنی حوصلہ افزا ہے۔
مارک زکربرگ کی کمپنی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس کی افرادی قوت کی تعداد 69 ہزار 329 ہے جو 2023 کی آخری سہ ماہی سے زیادہ تاہم 2022 کی 87 ہزار کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔