اسلام آباد۔28مارچ (پاکستان ایکسپریس ورلڈ نیوز):ماجد بشیر کو اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔ ایسوسی ایشن کا اجلاس صدر و چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
ماجد بشیر کو ان کی شاندار خدمات اور قائدانہ کردار پر اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کا نیا صدر منتخب کیا گیا ،جنہوں نے اپنے انتخاب کے بعد تمام ایسوسی ایشنز اور یونٹس کو پاکستان ٹینس فیڈریشن کے پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ماجد بشیر نے یقین دلایا کہ ملک میں ٹینس کے فروغ اور نوجوان ٹینس کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشنز اور یونٹس کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے علاوہ ٹینس کےکھیل کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔