دبئی ( پاکستان ایکسپریس ورلڈ ) متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کے لیے ملازمین کو لمبی چھٹیاں ملنے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق تازہ ترین فلکیاتی حسابات کے تحت رمضان المبارک کا مہینہ 12 مارچ بروز منگل سے شروع ہونے کا زیادہ امکان ہے، توقع ہے اس بار یہ مقدس مہینہ پورے 30 دن تک جاری رہے گا، جس کے نتیجے میں رہائشیوں کو عید الفطر کے اسلامی تہوار کے موقع پر 6 دن کی چھٹی مل سکتی ہے، مقدس مہینے اور تہوار کی اصل تاریخیں اس وقت سے مشروط ہیں جب چاند نظر آتا ہے، جس سے روایتی طور پر اسلامی ہجری کیلنڈر میں مہینوں کی شروعات اور اختتامی تاریخوں کا تعین ہوتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی چاند دیکھنے والی کمیٹی کا اجلاس 10 مارچ کو متوقع ہے، اگر چاند نظر آیا تو 11 مارچ کو رمضان المبارک کا پہلا دن ہوگا اور اگر نہیں تو 12 مارچ مہینے کے آغاز کی تاریخ بنتی ہے اور اگر فلکیاتی حساب کے تحت مقدس مہینہ 30 دن تک جاری رہتا ہے تو 30 رمضان کا دن بروز بدھ 10 اپریل کو آئے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے سرکاری اور نجی شعبوں کے لیے اعلان کردہ تعطیلات کی فہرست کے تحت رہائشیوں کو عید الفطر منانے کے لیے 29 رمضان سے 3 شوال تک چھٹی ملے گی، اگر فلکیاتی ماہرین کے اندازے درست ثابت ہوئے تو منگل 9 اپریل (29 رمضان) سے ہفتہ 13 اپریل (شوال 3) تک تعطیلات بنتی ہیں اور اگر اتوار کا ویک اینڈ بھی شامل ہوجائے تو یہ چھ دن کا وقفہ ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ فلکیاتی حسابات کا استعمال نئے چاند کی پیدائش کا اندازہ لگانے اور یہ پیش گوئی کرنے کے لیے کیا جاتا ہے کہ اسے کسی خاص مقام پر کب نظر آنے کا امکان ہے، یہ اندازے منصوبہ بندی میں مدد کر سکتے ہیں لیکن مذہبی تہواروں کے لیے چاند کو دیکھنے کو اکثر ترجیح دی جاتی ہے، کچھ ممالک رمضان کے آغاز کا تعین کرنے کے لیے فلکیاتی اندازوں کو مکمل طور پر قبول کرتے ہیں خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں کھلی آنکھ سے چاند کا نظر آنا مشکل ہو۔