پیرس(پاکستان ایکسپریس ورلڈ) یوم پاکستان کی مناسبت سے سفارت خانہ پاکستان پیرس میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد، سفارتی کور کے ارکان، میڈیا کے نمائندوں اور سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی۔ صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب کا حصہ بننے پر شکریہ ادا کیا۔
اپنے ریمارکس میں سفیر نے کہا کہ 1940 میں آج کے دن مسلمانوں نے ایک "علیحدہ ریاست” یعنی ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اپنی خواہشات کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ تحریک پاکستان کی تاریخ کا ایک تاریخی دن ہے۔ یہ ایک علیحدہ وطن کے لیے ہمارے آباؤ اجداد کی بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے – ایک ایسی جدوجہد جس کو ایک سمت اور رفتار فراہم کی گئی تھی جس کا آغاز 1940 کی تاریخی قرارداد لاہور سے ہوا، جسے بعد میں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا۔
یہ برصغیر کے مسلمانوں کے وژن کا ایک بہت بڑا مظاہرہ تھا کیونکہ اس قرارداد نے انہیں ایک علیحدہ وطن اور آزادی کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے غیر معمولی ہمت اور جوش کے ساتھ اکٹھا کیا جو کہ سات سال کے قلیل عرصے میں محفوظ کر لیا گیا تھا۔