جولائی 2023 میں جرنل JAMA Oncology میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دن بھر میں چند منٹ کے لیے بھاگنا (جیسے بس پکڑنے کے لیے) سے کم از کم 13 اقسام کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 22 ہزار ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے اور ان کی روزانہ کی جسمانی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد دن بھر میں کم از کم 3 منٹ تک بہت تیزی سے حرکت کرتے ہیں، جیسے تیزی سے سیڑھیاں چڑھتے یا کسی جگہ بھاگتے ہیں، ان میں کینسر کی متعدد اقسام سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
مگر ایسا کیوں ہوتا ہے اور ماضی میں تحقیقی رپورٹس کس حد تک اس کی تائید کرتی ہیں؟
طبی ماہرین نے نئی تحقیق کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک متاثر کن تجزیہ ہے اور اس میں ماضی کے ڈیٹا کو استعمال کرکے بتایا گیا کہ سانس تیز کر دینے والی ورزشیں کینسر جیسے مرض سے بچانے میں مددگار ہوتی ہیں۔