اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےخبردار کیا ہےکہ ٹیکس نہ دینے والوں پر ایسی پابندیاں لگائیں گےکہ وہ بہت سےکام نہیں کرسکیں گے۔
غیر ملکی میڈيا کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت اب نان فائلر کی اصطلاح ختم کرنے جارہی ہے، ٹیکس نہ دینے والوں پر ایسی پابندیاں لگائیں گےکہ وہ بہت سےکام نہیں کرسکیں گے، حکومت کے پاس لوگوں کے طرز زندگی کا ڈیٹا موجود ہے،کس کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں،کتنے بیرون ممالک سفر، سب معلومات ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ طبقے پر جو اضافی بوجھ ڈالا گیا تھا اسےکم کیا جائے گا، ریٹیلرز، ہول سیلرز، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، آئی ایم ایف پوچھتا ہےکہ اسے قرض واپس کیسے کریں گے؟ حکومت کے پاس اب معاشی اصلاحات کے سوا کوئی چارہ نہیں، ٹیکس نیٹ سے باہر کے شعبوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ہوگا، گزشتہ برس محصولات میں29 فیصد اضافے کے باوجود ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 9 فیصد رہی، 9 فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی کسی بھی ملک کی معیشت کو استحکام نہیں دلاسکتا۔