لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے قریب سے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ، وکلا اور دیگر مقامات سے احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان اور وکلا نے عمران خان کی ہدایات پر جی پی او چوک پر احتجاج شروع کیا تو پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ اس موقع پر پولیس اور ڈولفن فورس کی بھاری نفری ہائیکورٹ کے باہر موجود تھی۔
مینار پاکستان سے بھی پی ٹی آئی کی خاتون ورکر سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ خاتون ورکر تمام سیکیورٹی رکاوٹیں عبور کر کے مینار پاکستان پل پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی جہاں اس نے پی ٹی آئی کا پرچم لہرا دیا۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث مینار پاکستان اور اس کے اطراف کے راستوں کو کینٹنرز لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔
لاہور میں رینجرز تعینات
حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ لاہور میں رینجرز کو تعینات کردیا گیا، جس کے بعد جی پی او چوک و اطراف میں رینجرز موجود یے۔ امن و امان کو یقینی بنانے کیلیے رینجرز کو تعینات کیا گیا۔
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان آرمڈ فورس تعیناتی کی پہلے منظوری دے چکی ہے۔
پولیس اہلکار زخمی
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ ایوان عدل کے باہر پی ٹی آئی کارکنان اور وکلا کے پتھراؤ کی وجہ سے اہلکار بلال زخمی ہوا جس کے سر اور آنکھ پر گہرے زخم آئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زخمی اہلکار کے فوری اسپتال منتقل کرنے اور بہترین علاج کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کرنے والا گروہ پولیس اہلکاروں کو براہ راست نشانہ بنا رہا ہے، لاہور پولیس ہر قسم کی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کے لیے مکمل تیار ہے۔ قانون ہر صورت اپنا راستہ اختیار کرے گا، انتشار پھیلانے والوں کو کسی قسم کی رعائت نہیں دی جائے گی۔