بالی وڈ کپل ایشوریا رائے اور ابھیشیک کا رشتہ گزشتہ کئی عرصے سے مشکلات کا شکار ہے اور دونوں شخصیات کا عوامی سطح پر مسلسل علیحدہ علیحدہ سامنے آنا بھی طلاق کی افواہوں کو مزید ہوا دے رہا ہے۔
اداکار جوڑے کی شادی کو 17 سال سے زائد ہو چکے ہیں لیکن جولائی میں مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی میں ابھیشیک بچن کا اہلیہ اور بیٹی کے بجائے والدین کے ہمراہ فوٹوشوٹ موضوع بحث بن گیا تھا۔
اس فوٹو شوٹ کیلئے ایشوریا اور آرادھیا کو شادی میں بچن خاندان کے باقی افراد سے الگ آتے دیکھا گیا جس میں امیتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشیک بچن، شویتا بچن، آگستیا اور نویا نندا شامل تھے جب کہ اس ویڈیو نے دونوں شخصیات کے درمیان طلاق کی افواہوں کو مزید ہوا دی تھی۔
اس کے بعد ابھیشیک نے سوشل میڈیا پر بھارتی صحافی کی جانب سے شیئر طلاق سے متعلق پوسٹ پر لائیک کیا تھا لیکن اس کے کچھ روز بعد ہی اداکار نے شادی کی انگوٹھی دکھا کر شادی شدہ ہونے کا اعتراف بھی کیا تھا جس کے بعد ایشوریا کو بھی پیرس ویک فیشن کے دوران شادی کی انگوٹھی کے ساتھ دیکھا گیا۔