لاہور:سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے اشتراک سے غیر رسمی شعبہ میں موجود کاروباری اداروں کو رسمی شعبہ میں منتقل کرنے کے فوائد پر مبنی رپورٹ پیش کر دی ۔
اس ضمن میں منعقدہ تقریب کا افتتاح وفاقی ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و پیداوار اسد اسلام ماہنی،چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا سقراط امان رانا اور آئی ایل او کی کاروباری ایکسپرٹ جوڈیوتھ وان ڈورن نے مشترکہ طور پر کیا۔اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری اسد اسلام ماہنی نے رپورٹ پر تبصر ہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
مذکورہ رپورٹ غیر رسمی شعبہ میں پائی جانے والی لاکھوں ایس ایم ایز کو قومی معیشت کا باقاعدہ حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس سلسلہ میں سمیڈا سے اشتراک پر آئی ایل او کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ رپورٹ کی روشنی میں حکومتی سطح پر ایسے اقدامات کرنے میں مدد ملے گی جو ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کا ذریعہ بنیں گے۔
سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ایس ایم ایز کی فارمولائزیشن کے متوقع مثبت اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سمیڈا اس سلسلے میں گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی فعال کردار انجام دے رہا ہے،جس کے نتیجے میں ملک میں غیر رسمی شعبے کے ایس ایم ایز رسمی شعبہ کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹلائزیشن پاکستان بھر میں موجود ایس ایم ایز کی فارمولائزیشن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔آئی ایل او کی انٹرپرائزز سپیشلسٹ جوڈیوتھ ڈورن نے کہا کہ ان کا ادارہ دنیا بھر میں کاروباری اداروں کو رسمی شعبہ کا حصہ بنانے میں کثیر الجہتی اقدامات کر رہا ہے اور پاکستان میں بھی اس عمل کو آسان بنانے کے لئے سمیڈا کے ساتھ مل کر تحقیق کی گئی ہے،جس سے حکومت اور کاروباری اداروں کو یکساں مدد ملے گی،بالخصوص ایس ایم ایز کی پروڈکٹیوٹی اور ترقی میں گراں قدر اضافہ ہوگا۔